اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مرکزی جماعت علماء اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف لاہور اسلام پورہ سے سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں قاضی عبدالغفار قادری، علامہ فاروق ضیائی اور علامہ سید ارشد حسین گردیزی سمیت علما و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی اداروں، اقوام متحدہ، اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہرین نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ برمی حکومت کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں اور مسلمانوں کے تحفظ کے لئے کوششیں کریں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عرفان مشہدی نے کہا کہ برمی مسلمانوں کی مدد کرنا ہر طریقے سے جائز ہے، برما میں انہیں کیڑے مکوڑوں سے بھی بدتر سلوک کےساتھ قتل کیا جا رہا ہے جب کہ ساری دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ مسلمانوں کو جان لینا چاہیے کہ انہیں متحد ہو کر ہر ایک مسلمان بھائی کا دفاع کرنا ہوگا ورنہ عالمی طاقتیں اسی طرح ایک ایک کر کے مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوششیں کرتی رہیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲